رواں بر س صوبہ بھر میں منشیات کے خاتمے کیلئےآپریشنز کی تفصیلات جاری

12-13-2023

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات کے خاتمے کیلئے جاری آپریشنز کی تفصیلات جاری کردیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا ہے کہ رواں برس لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر77 ہزار 766 ریڈز اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے، نشے کے سوداگروں کے خلاف 46 ہزار 749 مقدمات درج کر کے 46 ہزار 804 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے26 ہزار 364 کلوگرام چرس، 365 کلوگرام ہیروئن اور 61 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ  گزشتہ روز صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف 214 ریڈز کی گئیں ، 129 مقدمات درج اور 122 ملزمان کوگرفتار کیا گیا،ملزمان کے قبضے سے 74 کلوگرام چرس ، 190 گرام ہیروئن اور 100 گرام آئس برآمد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کو ڈرگ فری بنانے کے لئے تمام آپریشنل یونٹس مربوط حکمت عملی اپنائیں، منشیات فروشوں کے خلاف ہیومن انٹیلی جنس، سپیشل برانچ رپورٹس کی روشنی میں بھرپور کریک ڈاؤن کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں، کالجز ، یونیورسٹیز اور ہاسٹلز کے گردونواح میں سپلائی دینے والے سفاک ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سزائیں دلوائی جائیں،تمام آر پی اوز،  ڈی پی اوز منشیات فروشوں کے خلاف ہونے والے آپریشنز کی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔