نواز شریف العزیزیہ ریفرنس سے بھی بری ہو گئے

12-12-2023

(ویب ڈیسک) عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں 11 سال قید کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو بری کر دیا۔

آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ  نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے بعد ازاں مختصر فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں کیس میں بری کر دیا۔ واضح رہے کہ 6 جولائی 2018ء کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو 11 سال قید کی سز ا سنائی تھی۔ علاوہ ازیں 24 دسمبر 2018ء کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، رواں سال 26 اکتوبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے (ن) لیگی قائد نواز شریف کی درخواست پر ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کی تھیں۔ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی 11 سال قید کی سزا کالعدم قرار دے کر انہیں بری کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس واپس احتساب عدالت کو بھیجنے کی استدعا مسترد کر دی۔