سائفرکیس: بانی پی ٹی آئی اورشاہ محمود قریشی کیخلاف فرد جرم کی کارروائی مؤخر

12-12-2023

(ویب ڈیسک) سائفر کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف فردجرم کی کارروائی مؤخر کردی گئی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ، ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلاء اور اہل خانہ بھی اڈیالہ جیل پہنچے ۔ پی ٹی آئی وکلاء کی جانب سے دی گئی6  متفرق درخواستیں نمٹادی گئیں ، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی ۔ قبل ازیں  گزشتہ سماعت کے دوران ملزمان کو کیس کے چالان کی نقول فراہم کی گئیں، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے کیس کی نقول وصول کر کے دستخط بھی کئے، نقول میں سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ کو سائفر کیس میں قصور وار قرار دیا گیا ہے۔