وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شاہدرہ میٹرو سٹیشن کی فوری بحالی کا حکم
12-12-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ میٹرو سٹیشن کی فوری بحالی کا حکم دے دیا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور ایل ڈی اے نے شاہدرہ میٹرو سٹیشن کا نیا ڈیزائن تیار کرلیا ، سٹیشن کو نئے انفراسٹرکچر اور خوبصورت آوٹ لک کے تحت واپس بحال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے تین ڈیزائن پیش کئے ہیں جن میں پہلا ڈیزائن ہیوی اور لاگت میں بیس کروڑ سے زائد، دوسرا ڈیزائن کم ہیوی سٹرکچر پر مشتمل اور پندرہ کروڑ لاگت سے زائد جبکہ تیسرا ڈیزائن سمارٹ اور تعمیراتی لاگت دس کروڑ سے زائد ہے ۔ تینوں ڈیزائنز پر حتمی فیصلہ حکومت پنجاب کی منظوری کے بعد ہوگا ، انفراسٹرکچر ڈیزائن اور کلر سکیم کی منظوری بھی پنجاب حکومت دے گی۔ شاہدرہ فلائی اوور منصوبے کے باعث میٹرو سٹیشن کو آگے منتقل کردیا گیا تھا، منصوبے کے پی سی ون میں شاہدرہ سٹیشن کی بحالی شامل ہے ۔ ذرائع کے مطابق ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے ڈیزائن پر مشاورت کے بعد ایل ڈی اے نے حکومت پنجاب سے منظوری لینا تھی، پی ایم اے کی جانب سے ڈیزائن فائنل کرنے میں تاخیر کے باعث سٹیشن بحالی پر کام شروع نہ ہوسکا ۔