پنجاب لائیوسٹاک سیکٹر کی پیداوار میں اضافے کیلئے ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ

12-12-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زرعی شعبہ کے بعد لائیوسٹاک سیکٹر کی پیداوار بڑھانے کے لئے بھی بڑے اقدامات، وزیراعلیٰ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ لائیوسٹاک نے مفید مادہ جانور کو ذبح کرنے پرپابندی عائد کردی پابندی کااطلاق پنجاب کے تمام ا ضلاع میں ہوگا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پنجاب کے لائیوسٹاک سیکٹر کی پیداوار میں اضافے کے لئے ایمرجنسی لگانے کا فیصلہ کیا، پنجاب میں جانوروں کے بیماریوں سے پاک زون قائم کئے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے لائیوسٹاک کی پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے 4روز میں حتمی پلان طلب کر لیا۔ صوبائی وزیر لائیوسٹاک،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری لائیوسٹاک، سیکرٹری خزانہ، آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور کمشنر بہاولپور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔  کمیٹی پنجاب کے لائیوسٹاک سیکٹر کی پیداوار بڑھانے کے لئے ٹھوس پلان مرتب کرے گی۔ کمیٹی لائیوسٹاک کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے بھی جامع تجاویز پیش کرے گی۔ لائیوسٹاک کے نرخ مقرر کرنے یا نہ کرنے کیلئے بھی کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرے گی۔  محسن نقوی نے کمیٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ طویل پریزنٹیشنز کی بجائے مختصر اور جامع پلان تیار کیا جائے،جس پر فوری عملدرآمد کیاجا سکے۔ سعودی عرب،کویت اور متحدہ عرب امارات میں لائیوسٹاک ایکسپورٹ کرنے کی بہت گنجائش ہے، ہم نے فوری طور پر قابل عمل پلان کے ذریعے خلیجی ممالک میں لائیوسٹاک کی ایکسپورٹ کو بڑھاناہے، یہ وقت ایکشن کا ہے اور ہم نے بغیر وقت ضائع کئے پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کرنے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لائیوسٹاک کے بارے میں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیرلائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد بیجنگ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ،لائیوسٹاک، لوکل گورنمنٹ،خزانہ، جنگلات، وائس چانسلر ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز لاہور، ڈی جی پروڈکشن لائیوسٹاک، چیئرمین لائیوسٹاک بریڈنگ سروسز اتھارٹی،صدر آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز اینڈ پروسیسرز ایسوسی ایشن اورجنرل سیکرٹری آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان اور کمشنر بہاولپور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔