خبردار!4گھنٹے سے زیادہ سمارٹ فون کا استعمال نوجوانوں میں ذہنی صحت کے مسائل پیدا کرسکتا ہے
12-11-2023
(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہےکہسمارٹ فون کا چار گھنٹوں سے زیادہ کا استعمال نوجوانوں کو ذہنی صحت کے مسائل میں مبتلا کرنے کے خطرات رکھتا ہے۔
ماہرین کی جانب سے تحقیق میں 2017 سے 2020 کے درمیان 50 ہزار کے قریب افراد سے دو طویل سوالنامے پُر کروائے گئے ۔ایک سوالنامے میں ان افراد سے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کے متعلق پوچھا گیا جبکہ دوسرے میں ان لوگوں نے اپنے سمارٹ فون استعمال کے دورانیے کے متعلق بتایا۔ محققین نے سوالناموں سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے سمارٹ فون کے استعمال اور صحت پر مرتب ہونے والے اثرات کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا۔تحقیق میں معلوم ہوا کہ وہ افراد جو روزانہ ایک سے دو گھنٹے کے درمیان فون استعمال کرتے تھے ان میں ڈپریشن، خود کشی کے خیالات، نیند کے مسائل، ذہنی دباؤ اور شراب نوشی کی لت کے خطرات فون بالکل استعمال نہ کرنے والے افراد کی نسبت کم تھے۔ البتہ وہ افراد جو چار گھنٹے سے زیادہ وقت اپنے فون پر صرف کرتے تھے ان میں اِن ذہنی صحت کے مسائل اور نشہ آور اشیاء کے استعمال کی شرح اعتدال کے ساتھ ڈیوائس استعمال کرنے والوں کے مقابلوں میں 22 فیصد تک زیادہ تھی۔ تحقیق میں دیکھا گیا کہ وہ نوجوان جو دو گھنٹے سے کم وقت سوشل میڈیا پر صرف کرتے تھے ان میں ذہنی دباؤ کے خطرات 30 فیصد، نیند کے مسائل 27 فیصد، ڈپریشن کے امکانات 38 فیصد، خود کشی کے خیالات 43 فیصد اور شراب نوشی لت کے امکانات 47 فیصد تک کم تھے۔