شہباز شریف اور مریم نواز نے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کر دیا
12-11-2023
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کر دیا۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کی طرح بھارتی عدالت کے فیصلے کی کوئی حیثیت نہیں، بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے کہنے سے اٹوٹ انگ کا جھوٹ سچ نہیں ہو جائے گا، عدالت نے بی جے پی کی پالیسی پر ایک کارکن بن کر عمل کیا، سپریم کورٹ اس سے قبل بابری مسجد پر بھی کھلی لاقانونیت کر چکی ہے۔ مریم نواز دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو ایک اور بھارتی جھوٹ قرار دے دیا۔ اپنے ایک بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام، پاکستان اور دنیا بھارتی فریب کو مسترد کرتے ہیں، بھارتی سپریم کورٹ نے تاریخی جرم کیا، بھارت سو ناٹک کرے جموں و کشمیر کشمیریوں کا ہے کشمیریوں کا ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیریوں کو غلام بنانے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں، تنازع جموں و کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قانون کا اطلاق ہوتا ہے۔