عوامی رکشہ یونین کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

12-10-2023

(لاہور نیوز) عوامی رکشہ یونین کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج میں موٹر سائیکل رکشے بند کر کے غریبوں کو بے روزگار کرنے کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

احتجاج کی قیادت عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کی۔ احتجاج میں رکشہ ڈرائیورز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج میں رکشہ ڈرائیورز نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری کا کہنا تھا ہم کسی صورت بھی موٹر سائیکل رکشے کو لاہور میں بند ہونے نہیں دیں گے، مہنگائی، بے روزگاری نے غریبوں کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے، حکومت موٹر سائیکل رکشے بند کرنے سے پہلے ان افراد کو متبال روزگار اور عوام کو سستی پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا اگر موٹر سائیکل رکشوں کو بند کر دیا گیا تو ہم وزیراعلی ہاؤس کے باہر جا کر دھرنا دیں گے۔ رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے اگر رکشوں کو بند کر دیا گیا تو ہم اپنے بچوں کا پیٹ کس طرح پا لیں گے۔