لاہور کو ڈسٹ فری شہر بنانے کے پلان پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز

12-10-2023

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور کو ڈسٹ فری شہر بنانے کے پلان پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

شہر لاہور کی 79 سڑکوں کو مرحلہ وار ڈسٹ فری بنانے کیلئے نائٹ شفٹ میں مکینیکل واشنگ اور سویپنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ واشنگ ایکٹیویٹی کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے سی ای او بابر صاحب دین کے ہمراہ فیروز پور روڈ اور شاہدرہ کا دورہ کیا۔ سی ای او بابر صاحب دین کا کہنا ہے گزشتہ رات 10 بجے سے صبح فجر تک مکینیکل واشنگ اور سویپنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا، رات بھر جاری رہنے والی خصوصی واشنگ ایکٹیویٹی میں ایم اے او کالج سے شنگھائی بریج تک فیروزپور روڈ کی دھلائی اور صفائی مکمل کی گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق نائٹ شفٹ میں راوی پل سے شاہدرہ موڑ تک خصوصی واشنگ ایکٹیویٹی مکمل کی گئی، 18 مکینیکل واشرز، 12 مکینیکل سویپرز اور 40 ٹریکٹر سویپرز واشنگ کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ بابر صاحب دین نے کہا سپیشل واشنگ ایکٹیویٹی کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں مکینیکل سویپنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا، پائن ایونیو، عبدالستار ایدھی روڈ، ٹھوکر چوک، ایجرٹن روڈ اور لٹن روڈ پر مکینیکل سویپنگ مکمل کی گئی، کینال روڈ، مال روڈ، نظریہ پاکستان روڈ، وحدت روڈ اور ظہور الٰہی روڈ پر بھی سویپنگ ایکٹیویٹی جاری رہی، خیابان جناح، خیابان فردوسی، مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن، سمن آباد انڈر پاس اور رائیونڈ روڈ پر بھی مکینیکل سویپنگ رات بھر جاری رہی۔ انہوں نے کہا مسلم ٹائون فلائی اوور، صدیق ٹریڈ سینٹر فلائی اوور، مولانا شوکت علی فلائی اوور، لاہور بریج اور شاہدرہ فلائی اوور پر بھی مکینیکل سویپنگ واشنگ کا سلسلہ مکمل کیا گیا، روزانہ رات کی شفٹ میں اہم شاہراہوں کی مکینیکل واشنگ اور سویپنگ جاری رکھی جائے گی، لاہوریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔