پنجاب فوڈ اتھارٹی کا میٹ پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ، ایک ہزار کلو زائدالمیعاد گوشت برآمد

12-10-2023

(لاہور نیوز) جعل سازوں کی شامت آ گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی پوری رفتار سے مافیا کے پیچھے ہیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے ٹیموں کے ہمراہ شامکے بھٹیاں میں میٹ پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ مارا۔ معروف مارٹس اور سٹورز کو سپلائی کئے جانے والا ایک ہزار کلو زائدالمیعاد، بدبودار اور فنگس زدہ گوشت برآمد، مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا ہے ذبح خانے کے انتہائی ناقص انتظامات، گندے بدبودار چلرز میں گوشت کو سٹور کیا گیا تھا، ناقص غیر معیاری پیکنگ اور زائدالمیعاد گوشت کو تلف کرنے کا ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا، مارٹس اور سپر سٹورز پر مہنگے داموں فروخت ہونے والے گوشت کا معیار انتہائی ناقص پایا گیا۔   محمد عاصم جاوید کے مطابق برآمد شدہ گوشت قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا، یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، پوری سپلائی چین کی تفصیل حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ناقص گوشت کا استعمال انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہے، خوراک کا کاروبار کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے لئے سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔