ٹمپرنگ نمبر پلیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن، 130 سے زائد گاڑیاں بند
12-10-2023
(لاہور نیوز) گاڑیوں کی نمبر پلیٹ سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے تیار ہو جائیں ،سیف سٹی اتھارٹی نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس ٹمپرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔
ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں سے بچنے کے لیے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پر بلیک شیٹ اور ٹمپرنگ کرنے والے بچ نہیں سکیں گے۔ سیف سٹی نے 130 سے زائد ٹمپرڈ نمبر پلیٹ گاڑیاں پکڑوا دیں۔ ٹمپرڈ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد،گلبرگ،نواں کوٹ،صدر ودیگر تھانوں میں بند کروایا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ نمبر پلیٹ ٹمپرنگ کرنے والوں میں آٹو رکشا ،موٹرسائیکلیں اور کاریں شامل ہیں، ٹمپرڈ نمبر پلیٹس گاڑیوں کیخلاف فیلڈ فورسز کے ذریعے کارروائیاں کی جا رہی ہیں، غیر نمونہ،تبدیل کی گئی یا جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال جرم ہے، موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت نمبر پلیٹ ٹمپرنگ پر 2 سال قید اور 2 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے،ٹریفک قوانین پرعملدرآمد ہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔