پی ایس ایل 9 کے میچز کیلئے 4 سنٹرز فائنل، فرنچائزز کے اعتراضات

12-10-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے 4 سنٹرز میں انعقاد کا فیصلہ کر لیا گیا، البتہ مجوزہ شیڈول پر فرنچائزز نے مختلف اعتراضات کیے ہیں۔

گزشتہ دنوں پی سی بی نے پی ایس ایل 9 کے 2 مجوزہ شیڈول فرنچائزز کو ارسال کیے تھے، ایک میں صرف کراچی اور لاہور میں میچز رکھے گئے جبکہ دوسرے میں ملتان اور راولپنڈی کا بھی اضافہ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ بورڈ حکام نے 4 شہروں میں لیگ کرانے کا فیصلہ کر لیا،آغاز 18 فروری کو لاہور میں کرنے کی تجویز ہے،البتہ بعض فرنچائزز کا کہنا ہے کہ ان دنوں سرد موسم اور دھند کی وجہ سے ایسا کرنا مناسب نہ ہو گا۔ 19 مارچ کو کراچی میں مجوزہ فائنل پر بھی سوال اٹھے ہیں،ٹیموں کو خدشہ ہے کہ کم کراؤڈ آئے گا،اس سے ٹکٹوں کی آمدنی متاثر ہو گی، سلطانز نے ملتان میں فیصلہ کن معرکہ کرانے کی تجویز دیتے ہوئے سٹیڈیم کے مکمل بھرنے کا بھی یقین دلا دیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ زلمی کا پشاور میں میچز پر اصرار جاری ہے، سٹیڈیم میں تعمیراتی کام 2 ماہ میں مکمل ہونے کا بھی دعویٰ کیا جانے لگا، البتہ پی سی بی نے اب تک میزبانوں میں پشاور کو شامل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ مارچ میں رمضان المبارک کے دوران 2 ڈبل ہیڈرز بھی شیڈول کا حصہ ہیں، اس پر بھی اعتراض سامنے آ گیا، مذکورہ میچز کو آغاز میں منتقل کرنے کا کہا جا رہا ہے، پی سی بی 13 دسمبر کو ڈرافٹ کے موقع پر ہی شیڈول کو جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ ملک میں عام انتخابات کی وجہ سے پی ایس ایل کو یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی تھی لیکن اب پاکستان میں ہی میچز کا فیصلہ کر لیا گیا۔