وزیراعلیٰ پنجاب کا یوریا کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے نگران وزیراعظم سے رابطے کا فیصلہ

12-09-2023

(لاہورنیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں یوریا کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، گندم کی کاشت اور یوریا کی دستیابی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز زراعت، آبپاشی، خوراک، اطلاعات، کمشنر لاہور اور محکمہ زراعت کے متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی، صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر اور تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب میں گندم کی فی من پیداوار کا ہدف یوریا کی کمی سے متاثر ہو سکتا ہے، محسن نقوی نے کمشنرز کو ایپ پر متعلقہ اضلاع میں کھاد کی نقل و حمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی، کھاد کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتظامی اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کھاد بنانے والی کمپنیوں اور ڈیلرز سے بھی رابطہ کیا جائے گا، کمپنیوں اور ڈیلرز کا اجلاس طلب کرلیا، کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا پنجاب میں ایک کروڑ 60 لاکھ ایکڑ اراضی پر گندم کی بوائی کا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے۔