نواز شریف کو جیل میں اہلیہ کی وفات کی خبر ملی، ایسی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے؟ مریم نواز

12-09-2023

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا بڑا شور سن رہی ہوں، نواز شریف کو جیل میں اہلیہ کی وفات کی خبر سننا پڑی، کیا سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو یہ والی لیول پلیئنگ فیلڈ چاہئے؟

یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے موٹرویز، سڑکوں کے جال بچھائے، نواز شریف نے سی پیک بنایا، آپ نے اپنا مستقبل نواز شریف سے جوڑ دیا ہے، نواز شریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا، گزشتہ 23 برسوں میں نواز شریف نے ڈھائی سال جیل کاٹی، 11 سال نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی۔ مریم نواز نے کہا کہ جب جب فیصلہ عوام کے ہاتھ آیا، عوام نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ کیا، نواز شریف واحد لیڈر ہے آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے، جن مقدمات کی وفات پہلے ہو چکی ان مقدمات کو نواز شریف بھگت رہا ہے، پانامہ جیسا جھوٹا الزام نواز شریف پر لگایا گیا، نواز شریف کو نکال کر جیل میں ڈال دیا گیا، عدالتی نظام میں ناانصافی آسان اور انصاف کرنا مشکل کام ہے، نواز شریف کے لئے بلیک ڈکشنری کا سہارا لیا گیا۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ شرم آنی چاہئے نواز شریف کو 7 سال بعد بھی رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے، نواز شریف نے اربوں، کھربوں کے منصوبے لگائے، کسی ایک منصوبے میں بھی نواز شریف پر کرپشن کا الزام نہیں لگا، اربوں ڈالر وکیلوں کو فیسیں دیدیں، پھوٹی کوڑی کا ثبوت نہیں نکال سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو جیل میں اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے، اس کا نام بھی نہیں لینا چاہتی مگر سچ بتانا میری مجبوری ہے، جیل میں رہنے والا نواز شریف پر چوری کا الزام لگاتا تھا، اس شخص نے بہت جھوٹ بولے ہیں، اس شخص سے انتقام نواز شریف نہیں اس کے اعمالوں نے لیا ہے، نواز شریف کو چور کہنے والا تاریخ کی سب سے بڑی چوریاں کرتے پکڑا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف تین دفعہ وزیراعظم بنا کوئی چوری کا الزام نہیں لگا سکا، وہ ایک دفعہ وزیراعظم بنا تاریخی چوری کی، انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس جانتے ہو ناں، پاکستان کے خون پسینے کی کمائی اس کی جیب میں گئی، اس نے بند لفافہ کابینہ کو دکھایا، 60 ارب کے بدلے اس نے القادر ٹرسٹ بنایا، القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹی خود فتنہ اور دوسرا اس کی اہلیہ ہیں۔ سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ جب حساب مانگا گیا تو چہرے پر ڈبہ پہن کر آ گیا تھا، سزا سے بچنے کے لئے اس نے 9 مئی کو پاکستان کے کونے کونے میں آگ لگائی، اس نے 60 ارب کی ڈکیتی اور ملک پر حملہ کیا، آج جیل میں کہتا ہے ایکسرسائز کے لئے مشین اور دیسی مرغی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا شور بڑا سن رہی ہوں، پلیئنگ فیلڈ اگر نواز شریف سے مانگتے ہو تو اس نے 11 سال جلاوطنی کاٹی، نواز شریف کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ 22 سال میں صرف نواز شریف کو ایک الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی، گجرات والو الیکشن کے لئے تیار ہو، جلال پورجٹاں اور پورے پاکستان سے شیر جیتے گا۔