واسا انتظامیہ کا فلٹریشن پلانٹ کو فعال رکھنے کے لئے نجی کمپنی کا سہارا لینے کا فیصلہ
12-09-2023
(لاہور نیوز) واسا انتظامیہ نے فلٹریشن پلانٹ کو فعال رکھنے کے لئے نجی کمپنی کا سہارا لینے کا فیصلہ کر لیا۔
نجی کمپنی کو فلٹریشن پلانٹ کی مرمت اور بحالی کا ٹھیکہ دیا جائے گا۔ شہر لاہور میں تنصیب شدہ 202 فلٹریشن پلانٹس کو ٹھیکے پر دیا جائے گا۔ فلٹریشن پلانٹ کی مرمت اور بحالی کی ذمہ داری تین سال کے لئے نجی کمپنی کی ہو گی۔ واسا انتظامیہ فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کے عوض نجی کمپنی کو کروڑوں روپے ادا کرے گا۔ واسا حکام کی جانب سے فلٹریشن پلانٹس کو دو علیحدہ کنٹریکٹ میں دیا جائے گا۔ شہر کے 78 فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کے عوض 18 کروڑ 50 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔ شہر کے 124 فلٹریشن پلانٹس کی مرمت کے عوض 26 کروڑ 88 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔ واسا کی جانب سے آئندہ ماہ ٹینڈر ایوارڈ کئے جائیں گے۔