کچھ کرداروں نے چلتے پاکستان کو ٹھپ کرکے رکھ دیا: نواز شریف
12-09-2023
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے ایسے کردار درمیان میں آ گئے جنہوں نے چلتے پاکستان کو ٹھپ کرکے رکھ دیا۔
لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا چھٹا اجلاس ہوا، پارٹی کے ٹکٹ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اجلاس کے تمام شرکا کا خیرمقدم کرتا ہوں، مجھے بڑی خوشی ہے کہ آپ سب لوگ ہماری دعوت پر تشریف لائے اور پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست دی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے گزشتہ 4 برس میں مشکل دور دیکھا ہے، ہمارے دور میں ترقی عروج پر تھی، ہمارے دور میں معاشرتی، سماجی کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں تھا اور ملک میں اقتصادی ترقی ہو رہی تھی، ہمارے دور میں معاشی بہتری کا دنیا بھی اعتراف کر رہی تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ پتا نہیں وہ خواب تھا جو ادھورا رہ گیا، اس خواب کو پورا ہونا چاہئے تھا، شہباز شریف ملک نہ سنبھالتے تو ڈیفالٹ کر جاتے، ایسے کردار درمیان میں آ گئے جنہوں نے چلتے پاکستان کو ٹھپ کر کے رکھ دیا۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ اس وقت سے اکانومی نیچے کی طرف جا رہی ہے، جی ڈی پی گروتھ ریٹ نیچے گر گیا، گزشتہ چار سال روپے کی قدر مستحکم نہیں ہوئی، مہنگائی کی بنیادی وجہ اکانومی مس مینج ہوئی، ادراک کرنا ہو گا مس مینجمنٹ 2019 سے شروع ہوئی، 2022 میں ہر چیز کا بھٹہ بیٹھ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی ایک اناڑی کے ہاتھ میں بھاگ دوڑ کیسے دیدی جاتی ہے، 2013 سے2017 تک ملک ترقی کی رفتار میں دوڑ رہا تھا، 2017 میں باتیں ہو رہی تھی اگلی دفعہ الیکشن بھی (ن) لیگ جیتے گی، ملک کی ترقی کیلئے کام کئے اور ہمیں ہر دور میں نکال دیا گیا، فیصلہ کر لیا کہ الیکشن میں عوام کے سامنے سچ بولوں گا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا لڑائی نہیں ہوئی چاہئے اس لئے ہمیں نکالا گیا، ہم نے اپنے دور میں کوئلے سے بجلی بنانے کا منصوبہ دیا، کوئلے کی بات بہت کی جاتی تھی مگر کسی نے کچھ نہیں کیا، ملک کو اس حال تک پہنچانے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے معاملات کو دوست ممالک کے ساتھ درست کرنا ہے، چینی صدر نے خود مجھے کہا تھا سی پیک آپ کیلئے تحفہ ہے، ہمارے بعد سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، آج وقت ثابت کر رہا ہے کہ ہم درست تھے، ہمارے دور میں ترقی عروج پر تھی۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ قوم کو مشکلوں سے باہر نکالے، اللہ تعالیٰ 25 کروڑ عوام کو آسانی والی زندگی عطا فرمائے۔