بانی پی ٹی آئی نے توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو چیلنج کر دیا

12-09-2023

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی نے توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سمیر کھوسہ کی وساطت سے دائر کی گئی، درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر توہینِ الیکشن کمیشن کی کارروائی شروع کر رکھی ہے، الیکشن کمیشن کے پاس اس کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس کیس میں جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے جو غیر قانونی ہے، جیل میں خفیہ ٹرائل آئین کے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کی تاریخ جیل میں فردِ جرم کی کارروائی کیلئے مقرر کر رکھی ہے۔ دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے، عدالت اوپن اور فری اینڈ فیئر ٹرائل کا حکم جاری کرے۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک خفیہ ٹرائل کے ذریعے فرد جرم کی کارروائی روکے۔