دہشتگردی کے باعث الیکشن ملتوی نہیں ہو سکتا: رانا ثناء اللہ

12-08-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی وجہ سے الیکشن ملتوی نہیں کیا جا سکتا، قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن میں سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات تو ہیں، یہ خطرات پہلے بھی تھے، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی کا خاتمہ کرے، اللہ سب کو محفوظ رکھے اور الیکشن خیر خیریت سے ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مضبوط امیدوار لے کر آ رہے ہیں، ساؤتھ پنجاب میں سیاسی پارٹیوں کی اتنی گرفت نہیں ہے، الیکشن کے حوالے سے ہمارا کام مکمل ہے، آج ہم نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن مکمل کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان الیکشن سے 54 دن پہلے ہوتا ہے، اگر الیکشن شیڈول کا اعلان 15 یا 16 دسمبر تک ہو جائے تو یہ بہتر ہے، جس دن الیکشن شیڈول کا اعلان ہو گا اس دن امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی ہو جائے گا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالتیں موجود ہیں، کسی کے ساتھ کوئی نا انصافی یا تجاوز ہوتا ہے تو وہ رابطہ کرے، بلاول بھٹو زرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ میں فلاں کی سیاست نہیں کرتا، اس سے پہلے جو ہوتا رہا ہے وہ دنیا کو معلوم ہے، ہم پنجاب میں کسی سے الیکشن الائنس نہیں کر رہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔