2023 میں سٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا، شمشاد اختر

12-07-2023

(لاہور نیوز) نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ 2023ء میں سٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا، یہ کامیابی پاکستان سٹاک ایکسچینج کے تمام ممبرز کی ہے۔

 پاکستان سٹاک ایکسچینج ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمشاد اختر نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا۔انہوں نے کہا کہ تمام کاروبار سے منسلک اداروں کے تعاون کے باعث سٹاک ایکسچینج نے تاریخی کامیابی حاصل کی، ہم اس کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔ شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کیے گئے، ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آئے ہیں، ایف بی آر میں پیش کردہ اصلاحات پر فوری عملدرآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروبار کی بہتری کے لیے درآمدات پر پابندی اٹھائی، سٹاک ایکسچینج میں اسلامک فنانس کی شمولیت کے بہتر نتائج سامنے آئے۔