شہر میں زیرزمین پانی کی سطح تشویشناک حد تک کم، پانی کے ضیاع پر واسا خاموش

12-07-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں زیر زمین پانی کی سطح میں تشویشناک حد تک کمی آگئی۔

شہر کے  455 رجسٹرڈ سروس اسٹیشنز زیر زمین  پانی کا اندھا دھند استعمال کرنے لگے حالانکہ لاہور  ہائی کورٹ نے پائپ   سے  گاڑی دھونے والے ایک   صارف کو   جرمانے کا  حکم دیا تھا تاہم واسا حکام سروس اسٹیشنزکی کارگزاری پر خاموش تماشائی بن گئے، ایم ڈی واسا  نےزیر زمین پانی کے ضیاع پر کارروائی   کا حکم  دے دیا۔ واسا انتظامیہ نے 2019 میں 200 سے زائد سروس اسٹیشنز پر ری سائیکل پلانٹ لگوائے،چیکنگ نہ ہونے سے   شہر کے 90 فیصد سروس  اسٹیشنز پر ری سائیکل پلانٹس بند ہوگئےجبکہ   بیشتر سروس اسٹیشنز انتظامیہ نے خود پلانٹس بند کیے، گاڑیاں دھونے کے لیے استعمال ہونے والا پانی دریا برد کیا جانے لگا۔   ایم ڈی واسا غفران احمد  نے بتایا کہ زیر زمین پانی ضائع کرنیوالے سروس  اسٹیشنز کے خلاف کریک ڈاؤن  شروع  کر دیا گیا ہے، سروس  اسٹیشنز کی روزانہ چیکنگ  ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ  خلاف ورزی پر  مالکان کو 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ  دوسری مرتبہ سروس  اسٹیشن سیل اور مالک پر  مقدمہ درج ہوگا۔