فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 185 طلباء و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم

12-07-2023

(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں 185 طلباء و طالبات کے درمیان لیپ ٹاپس تقسیم کر دیئے۔

اس موقع پر سینڈیکیٹ کے سینئر ممبر سید فرخ شاہ، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، طلباء و طالبات و والدین اور دیگر نے شرکت کی، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےنگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے تمام طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتا ہوں،یہ لیپ ٹاپس طلباء و طالبات کو مزید علم حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے،ہمارے بچوں کو قرآن مجید پر ریسرچ کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج طلباء و طالبات کے درمیان ان کی کامیابی پر لیپ ٹاپس تقسیم کئے جا رہے ہیں،اللہ تعالیٰ ہمارے بچوں کو علم اور ایمان کی طاقت سے نوازے۔