کیا شان مسعود کراچی کنگز کے کپتان ہونگے؟

12-07-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں ایڈیشن کا ڈرافٹ قریب آتے ہی کرکٹ کے بڑے ناموں کی ٹریڈ اور ریٹینشن سے متعلق خبریں سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں، ان میں سے ایک نام شان مسعود کا بھی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پی ایس ایل 9 کا ڈرافٹ 13 دسمبر کو لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شیڈول کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل 9 کا باقاعدہ آغاز 8 فروری سے ہوگا جو 24 مارچ تک جاری رہے گا۔ پی ایس ایل کی تمام فرنچائزز بہتر سے بہتر ٹیم بنانے کی کوشش میں ہیں۔ اس سلسلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائٹیڈ اور ملتان سلطانز نے ڈرافٹ سے پہلے ہی کھلاڑیوں کو لینے دینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ اس دوران پی ایس ایل 9 کی اب تک کی سب سے بڑی ٹریڈ میں یونائٹیڈ نے حسن علی کے بدلے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ جس کے بعد کنگز کے نئے کپتان کو لے کر سوشل میڈیا پر کئی افواہیں زیرگردش ہیں۔ ان میں سے ایک نام پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور ملتان سلطانز سے کھیلنے والے شان مسعود کا ہے۔ شان مسعود اس وقت کراچی کنگز کے کپتان بننے کیلئے فیورٹ دکھائی دے رہے ہیں۔ کراچی کنگز کے آفیشل اکاؤنٹ پر حال ہی میں شان مسعود سے متعلق کی گئی ٹویٹ نے شائقین کو مزید امید دلا دی ہے۔