سرفراز اور سعود شکیل تکرار، ٹیم ترجمان کا بیان سامنے آگیا

12-07-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل اور سابق کپتان سرفراز احمد کے درمیان کینبرا ٹیسٹ میچ سے قبل تکرار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ترجمان پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیان سامنے آگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے ترجمان نے دونوں کرکٹرز کے درمیان تکرار کی وائرل ویڈیو پر کہا کہ سرفراز اور سعود مذاق میں بات کر رہے ہیں، دونوں کے درمیان بحث کی خبریں بے بنیاد ہیں، اس میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سرفراز احمد اور سعود شکیل فزیو اور ٹرینر کے بارے میں بات کررہے تھے، دونوں پلیئرز کے درمیان احترام کا رشتہ ہے۔ گزشتہ روز سابق کپتان سرفراز احمد اور سعود شکیل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سعود سینئر کرکٹر سے سوال کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ میں کب تک آپ کے کام آتا رہوں گا؟۔ جس پر سرفراز جواب دیتے ہیں کہ آپ میرے کسی کام کے نہیں ہو، میں نے آپ کو کبھی کچھ کرنے کی ہدایت نہیں کی۔ اس سے قبل آسٹریلیا کا سامنا کرنے کیلئے اپنے سفر سے قبل انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کے دوران سرفراز نے سعود شکیل کے خلاف ٹائم آؤٹ کی اپیل کی تھی۔ کریز پر پہنچ کر امپائر نے اپنی گھڑی چیک کی اور شکیل کو ناٹ آؤٹ قرار دیا۔ اس سے شکیل کے ساتھی ساتھیوں کی طرف سے ایک پرجوش ردعمل دیکھنے کو ملا تھا۔