اے این ایف کا کریک ڈاؤن: 425 کلو گرام منشیات برآمد،7 ملزمان گرفتار

12-07-2023

(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا منشیات کی سمگلنگ کے خلاف ملک گیرکریک ڈاؤن جاری ہے، 10 کارروائیوں میں 425 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد، ایک خاتون سمیت 7 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیاں لاہور،کراچی،راولپنڈی،مستونگ،خیبر اورطورخم میں کی گئیں۔ اس دوران 3 کلو 355 گرام آئس،4 کلو690گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بحرین جانے والےمسافر سے 1 کلو 400 گرام آئس برآمد کی گئی۔ کراچی کوریئر آفس سے برطانیہ کیلئے بُک کئے گئے پارسل سے 3 کلو ہیروئن اور 240 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ٹی چوک راولپنڈی میں دو ملزمان سے 1 کلو 40 گرام ہیروئن اور 1کلو 25 گرام آئس پکڑی گئی،خاتون سمیت ملزم کوگرفتار کر لیا گیا۔  آفریدی چوک کراچی کے قریب رکشا میں چھپائی گئی 66 کلو چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ سپر ہائی وے کراچی پر دو انورٹرز میں چھپائی گئی 32 کلو 400 گرام چرس برآمد اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ جناح کالونی کراچی کے قریب ملزم کے بیگ سے 9 کلو 600 گرام چرس پکڑی گئی ۔ نوشکی روڈ مستونگ میں واقع ایک مکان میں چھپائی گئی 100 کلو چرس اور 200 کلو افیون برآمد ہوئی۔ زخہ خیل خیبر کے علاقے میں چھپائی گئی 9 کلو چرس ، نادرہ چوک، طورخم کے غیرآباد علاقے سے 690 گرام آئس برآمد کی گئی۔