انقلابی شاعر جوش ملیح آبادی سے منسوب 'ایوان جوش' کا افتتاح

12-06-2023

(لاہور نیوز) "اردو باغ" گلستان جوہر کراچی میں شاعر انقلاب جوش ملیح آبادی سے منسوب "ایوان جوش" کا افتتاح کر دیا گیا۔

جوش ملیح آبادی کی 129 ویں سالگرہ کے موقع پر  نگران صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور و سماجی تحفظ محمد احمد شاہ نے کہا کہ جوش صاحب کے بارے میں بہت سی یادیں اور باتیں ہم نے مشتاق احمد یوسفی صاحب اور ڈاکٹر عالیہ امام کی زبان سے سنیں۔ نگران صوبائی وزیر محمد احمد شاہ نے کہا کہ اقبال حیدر صاحب نے اپنی عمر بھر کی کمائی لگا کر ایوان جوش کی عمارت بنا کر ہمیں دی ہے جو ایک مثالی اور قابل تقلید کام ہے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیر میری کوشش ہوگی کہ وہ ایوان جوش کے لئے سرکار کی جانب سے کچھ معاونت مہیا کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر معروف شاعر افتخار عارف نے کہا کہ وزیر اطلاعات سے گزارش ہے کہ اردو باغ آنے والی سڑکیں ٹھیک کروائیں۔تقریب میں ڈاکٹر عالیہ امام، افتخار عارف، ڈاکٹر ہلال نقوی اور پروفیسر سحر انصاری سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب میں مقررین نے جوش ملیح آبادی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، ان کے کلام کے اقتباسات سنائے اور ایک سماں باندھ دیا، تقریب میں شہر کے معروف دانشوروں، قلمکاروں اور فن کاروں نے شرکت کی۔