ماس ٹرانزٹ کے نان فیئر ریونیو میں اضافے کا پلان مرتب
12-06-2023
(لاہور نیوز) ماس ٹرانزٹ کے نان فیئر ریونیو میں اضافے کا پلان بنا لیا گیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اتھارٹی کی جانب سے صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں پانچ سسٹم چلا رہے ہیں۔ لاہور ، ملتان میٹرو بس ، پاکستان میٹرو بس ، لاہور اور ملتان فیڈر روٹس سسٹم میں شامل ہیں۔ لاہور میٹرو بس کی 64 ، پاکستان میٹرو بس کی 68 بسیں چل رہی ہیں۔ لاہور فیڈر روٹس کی 162 ، ملتان میٹرو بس کی 35 جبکہ ملتان فیڈر روٹس کی 100 بسیں چل رہی ہیں۔ صوبائی وزیر کو نان فیئر ریونیو جنریشن سے متعلق انارکلی میٹرو سٹیشن پر اشتہاروں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ مختلف اشتہاری ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ ماڈل ٹاؤن کچہری سے کینال روڈ تک کے پولز پر بات چیت جاری ہے۔ جلد معاہدے حتمی شکل پر پہنچ جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کو ہر حال میں مد نظر رکھیں، کنٹریکٹ کی ایکسپائری سے ایک سال قبل ورکنگ شروع کی جائے، سسٹم میں ایسی بسیں شامل کریں جو سموگ کا باعث نہ بنیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد کا مزید کہنا تھا کہ اشتہار میں بس کی خوبصورتی برقرار رہنی چاہیے، کوشش کریں کہ کنٹریکٹ کی مدت تین سال تک ہو، بسوں کے ذریعے عوامی خدمت کا سفر جاری رہنا چاہیے۔