نگران پنجاب حکومت نے چولستان کے 27 ہزار کاشتکاروں کو اراضی الاٹ کر دی

12-06-2023

(لاہور نیوز) نگران پنجاب حکومت نے چولستان کے 27 ہزار کاشتکاروں کو اراضی الاٹ کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کے لئے تاریخ ساز اقدام سامنے آ گیا۔ 45سال سے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کا رکا ہوا کام چند ماہ میں مکمل کر دیا۔ چولستان کے 27 ہزار کاشتکاروں کو 3 لاکھ 44 ہزار ایکڑ اراضی شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چولستان کے کاشتکاروں کو اراضی کی الاٹمنٹ کیلئے بٹن دبا کر کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ27ہزار کاشتکاروں کو فی کس ساڑھے 12 ایکڑ اراضی 5 سال کی لیز پر دی جائے گی، آج بہاولپور ڈویژن اور چولستان کے باسیوں کے لئے یاد گار دن ہے، جلد چولستان آ کرقرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں کو الاٹمنٹ کے کاغذات دیں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اس پورے عمل کو انتہائی شفاف بنایا گیا اورانتہائی سخت سکروٹنی ہوئی ہے، اراضی الاٹمنٹ سے چولستان کے ہزاروں خاندانوں کو روز گار میسر ہو گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اراضی کی الاٹمنٹ کے لئے بہت معمولی سے ریٹ رکھے گئے ہیں، سکروٹنی کے بعد 41 ہزار 841 درخواست دہندگان شارٹ لسٹ کئے گئے۔