سرد موسم میں سیاسی گرما گرمی! نواز شریف کی 15 سال بعد شجاعت حسین سے ملاقات

12-06-2023

(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔

قائد مسلم لیگ ن نواز شریف ، چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ ظہور الٰہی روڈ پہنچے، ان کے ہمراہ شہباز شریف، مریم نواز ، رانا ثناء اللہ ، سعد رفیق ، سردار ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑسمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی ملاقات کے لئے پہنچے۔ نواز شریف اور لیگی قیادت کی آمد پر مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا،  ملاقات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شافع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا بھی شریک ہیں ۔ نواز شریف نے مسلم لیگ ق کے سربراہ  شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی ، چودھری شجاعت حسین نے نواز شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق کی قیادت کی آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی ، ملاقات میں مسلم لیگ ن۔ سیٹ ایڈجسمنٹ کے لئے مسلم لیگ ق کو سیٹوں کی تعداد کے حوالے سے پیشکش کرے گی۔ مسلم لیگ ق نے ملاقات کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ق کی قیادت لیگی قیادت سے ملاقات بارے اپنے رہنماؤں کو اعتماد میں لے گی۔