لاہور میں گرفتار تمام کم عمر ڈرائیورز مقدمات سے ڈسچارج

12-06-2023

(لاہور نیوز) لاہور میں گرفتار تمام کم عمر ڈرائیورز مقدمات سے ڈسچارج کر دیئے گئے۔

کینٹ کچہری کی عدالت نے لاہور میں گرفتار تمام کم عمر ڈرائیورز کو مقدمات سے ڈسچارج کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ اعجاز احمد اور جوڈیشل مجسٹریٹ رابعہ ریاض نے مختلف مقدمات پر فیصلہ جاری کیا۔ پولیس کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا مسترد کی گئی۔ فیصلے کے مطابق مقدمات میں تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کا ذکر نہیں ہے، ایسے شواہد موجود نہیں جس سے ملزمان کو جرم کے ساتھ منسلک کیا جا سکے۔ کم عمر ڈرائیورز کے خلاف تمام دفعات قابل ضمانت ہیں لہٰذا پولیس کی جانب سے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا مسترد کی جاتی ہے اور ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، اگر ملزمان کسی اور مقدمہ میں ملوث نہیں تو انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔