توہین الیکشن کمیشن کیس: بانی پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے جیل ٹرائل کا فیصلہ
12-06-2023
(ویب ڈیسک) توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے جیل ٹرائل کا فیصلہ کرلیا گیا۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے خلاف ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور وزارت قانون کی رائے کے بعد ٹرائل کا فیصلہ کیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے خلاف فرد جرم کی کارروائی اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے وزارت داخلہ کو 2 روز میں انتظامات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم 13دسمبر کو عائد ہوگی، ملکی تاریخ میں پہلی بار الیکشن کمیشن جیل میں ٹرائل کرےگا۔ واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کیخلاف توہین آمیز گفتگو پر توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی چل رہی ہے۔