ڈالر کے مقابلے روپیہ مسلسل تگڑا، سٹاک مارکیٹ میں بھی نیا ریکارڈ قائم
12-06-2023
(لاہور نیوز) امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ مسلسل تگڑا ہو رہا ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں آج بھی نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
رواں ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز میں کے ایس ای 100 انڈیکس 335 پوائنٹس اضافے کے بعد 63 ہزار 291 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس نے کاروبار کے اختتام سے چند منٹ پہلے کاروباری دن کی اور اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح 63 ہزار 36 پوائنٹس بنائی تھی جبکہ بازار میں کل 76 کروڑ 54 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 30 ارب85 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملکی تبادلہ منڈیوں میں ڈالر کی قیمت میں 87 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 284 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 25 پیسے کم ہو کر 285 روپے 25 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔