مہنگائی کے ستائے شہری لرنر ڈرائیونگ لائسنس فیس میں اضافے پر پھٹ پڑے

12-06-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کی چکی میں پسے شہری لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ہوشربا اضافے پر پھٹ پڑے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ہوشربا اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے،یکم جنوری سے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیس  60 روپے نہیں ایک ہزار روپے ادا کرنا پڑے گی، ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس کی  فیسوں  میں بھی اضافہ ہوگا۔ یکم جنوری سے قبل کی درخواستوں پر  ڈرائیونگ لائسنس موجودہ  فیس  پر بنائے جائیں گے۔ شہریوں نے  ڈرائیونگ لائسنس فیسوں میں اضافے پر شدید رد عمل ظاہر کیا اور کہا ہے کہ لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں ہو شربا اضافہ زیادتی ہے،مہنگائی کے مارے لوگوں کی مالی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی،پنجاب حکومت  ڈرائیونگ  لائسنس فیسوں میں اضافے پر نظر ثانی کرے۔ دوسری طرف   پولیس خدمت مراکز میں لائسنس بنوانے کے لیے رش برقرار ہے، شہری  لمبی لمبی لائنوں میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ ادھر سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے کہا ہے کہ خدمت مراکز میں  رش ہونے کے باعث لائسنس بنانے میں وقت لگ رہا ہے، لائسنس  فیس میں اضافے کی سمری کافی دیر سے زیر غور تھی۔ ٹریفک پولیس حکام  نے بتایا کہ نومبر میں  2 لاکھ 80 ہزار 518 نئے لرنرپرمٹ جاری کئے گئے، 19 ہزار 761 شہریوں نے نئے لائسنس  بنوائے جبکہ 18 ہزار 312 شہریوں نے لائسنس کی تجدید کروائی۔