بلوچستان کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کا پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی ہیڈ آفس کا معلوماتی دورہ

12-05-2023

(لاہور نیوز) بلوچستان کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو حافظ محمد طاہر نے افسران کے ہمراہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی ہیڈ آفس کا معلوماتی دورہ کیا۔

ترجمان کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی بلوچستان کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو حافظ محمد طاہر نے ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈز یونس مینگل اور سینئر سیکرٹری ریونیو نصر اللہ کے ہمراہ پنجاب لینڈ ریکارڈز ہیڈ آفس کا معلوماتی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد پنجاب کے کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈز مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے معلومات حاصل کرنا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل سائرہ عمر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل زاہد سہیل، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایڈمن عاصم سلیم، ڈائریکٹر ایچ آر مس عائشہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی ٹی اسامہ بن سعید اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز آپریشنز نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل سائرہ عمر نے وفد کو لینڈ ریکارڈز سسٹم پر اب تک ہونے والی تمام پیش رفت پر بریفنگ دی۔ وفد کو پلرا کے اراضی ریکارڈ سینٹرز، قانون گوئی اراضی ریکارڈ سینٹرز، موبائل اراضی ریکارڈ سینٹرز کے ذریعے گھر کی دہلیز پر اراضی کی خدمات اور دیگر سروس ڈلیوری مراکز سے دی جانے والی اراضی ریکارڈ خدمات، آن لائن فرد کا اجراء، انتقال اراضی، موبائل ایپ اور یونیورسل رسائی کی بدولت پنجاب کے کسی بھی اراضی سینٹر سے دوسرے تحصیل و ضلع کی اراضی ریکارڈ خدمات سے آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں وفد کو پلرا کی جانب سے شہری ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن، رجسٹری بذریعہ ای رجسٹریشن کے ذریعے رجسٹری کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے، صارفین کو از خود وثیقہ لکھنے، ڈیجیٹل گرداوری، پلرا مانیٹرنگ ایپ اور ISOسرٹیفکیشن کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے کئے جانے والے تمام اقدامات کو سراہا۔