ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کیلئے ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

12-05-2023

(ویب ڈیسک) پولیس نے ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کی خاطر ڈکیتیاں و چوریاں کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن ارتضیٰ کمیل کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 رکنی متحرک چور و ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا ، جن میں وسیم خان عرف ساجد اور زاہد شامل ہیں، جو مختلف ملبوسات میں ویڈیوز بنانے کے لیے ڈکیتیاں و چوریاں کرتے تھے۔ فوٹیجز میں ملزمان کواسلحہ کی نمائش و ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان نے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی و چوریوں کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔ ملزمان سے ایک لاکھ نقدی، 2 موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی ہنڈا 125 برآمد ہوئی۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا۔