سکھ یاتریوں کے ساتھ ہونے والی واردات کا ڈراپ سین، تین ملزمان گرفتار
12-05-2023
(لاہور نیوز) گلبرگ میں سکھ یاتریوں کے ساتھ ہونے والی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کرنے والا غیر ملکی گینگ پکڑ لیا۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ شاہ رخ ، ریحانہ شاہ رخ اور محمد عرفان شامل ہیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ غیر ملکی ہیں اور غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کے لئے کام کرتے ہیں۔ غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے کہنے پر پاکستان میں آئے سکھ یاتریوں سے وارداتیں کرتے ہیں۔ ایس پی آفتاب پھلروان نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ واردات کے فوری بعد ملزمان غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو اطلاع دیتے تاکہ دنیا میں پاکستان کی ساکھ مجروح ہو۔ ملزمان مختلف فورسز کی یونیفارم میں غیر ملکی شہریوں سے تلاشی کے بہانے وارداتیں کرتے تھے۔ بھارتی سکھ یاتری کول جیت سنگھ اور ان کی فیملی بھی پریس کانفرنس میں موجود تھی۔ کول جیت سنگھ نے کہا کہ پنجاب پولیس کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں، جو پیار اور عزت لاہور میں ملی اس کے بعد اپنے ساتھ ہوئی واردات بھول گیا تھا، میں نہیں چاہتا کہ پاکستان جیسی پاک دھرتی پر کوئی داغ لگے۔ پریس کانفرنس کے بعد سکھ یاتری کول جیت سنگھ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ سکھ یاتریوں نے پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔