اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات چیلنج کر دیئے

12-05-2023

(لاہور نیوز) بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا۔

بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر شیر بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کردی، چیف الیکشن کمشنر کے نام تین صفحات پر مشتمل درخواست میں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 208کا حوالہ دیا گیا ہے۔ درخواست میں  مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ  پی ٹی آئی الیکشن محض دکھاوا ، فریب اور الیکشن کمیشن کو دھوکہ دینے کی ناکام کوشش تھی، فراڈ انتخابی عمل نے پی ٹی آئی ارکان کو ووٹ دینے اور انتخاب میں حصہ لینے کے حق سے محروم کردیا، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن ایکٹ 217 کے سیکشن 208 اور ذیلی شق 2 کی خلاف ورزی ہے۔ اکبر ایس بابر نے درخواست کے ہمراہ ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرادیئے۔ اکبر ایس بابر نے درخواست میں کہا ہے کہ30 نومبر2023 کو پی ٹی آئی کور کمیٹی کی پریس ریلیز میں 2 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا گیا،نیاز اللہ نیازی کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیاگیا، وفاقی سطح پر کمیشن کے کسی اور عہدیدار کا نام نہیں بتایاگیا۔ بانی رکن پی ٹی آئی نے درخواست میں کہا کہ الیکشن قواعد وضوابط، شیڈول، کاغذات نامزدگی کاوقت اور طریقہ کار کا نہیں بتایاگیا، کاغذات کی وصولی اور مسترد کرنے کی تاریخ ، اپیلوں کی سماعت کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایاگیا، 2 دسمبر تک انتخابات کے بارے میں کسی قسم کی معلومات پی ٹی آئی ویب سائٹ پر دستیاب نہیں تھیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ یکم دسمبر2023 کو چار بجکر 45 منٹ پر پی ٹی آئی ارکان کے وفد کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ گیا، پی ٹی آئی نمائندے نے مطلوبہ معلومات فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کی، اسی روز الیکٹرانک میڈیا پر پی ٹی آئی عہدیداروں کے بلامقابلہ انتخاب کی خبریں نشر ہوئیں۔ انہوں نے درخواست میں کہا کہ  الیکشن ایکٹ2017 اور انتخابی قواعد قانونی فریم ورک کا تقاضا ہے کہ جمہوری انتخابی عمل سے سیاسی جماعتوں میں قیادت منتخب ہو۔ اکبر بابر نے درخواست میں استدعا کی کہ سیاسی جماعتوں میں جعلی انٹراپارٹی الیکشن کے عمل کو ختم کیا جائے، تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو انتخابی قوانین اور ضابطوں کا پابند بنایاجائے، شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک پی ٹی آئی کو انتخابی نشان’ بلا‘استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ بانی رہنما پی ٹی آئی نے درخواست میں مزید استدعا کی کہ الیکشن کمیشن انٹراپارٹی انتخابات کالعدم قرار دے کر نئے الیکشن کرانے کا حکم دے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 23 نومبر2023 کو20 دن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔