فیصل ٹاؤن: سیف سٹی نے جھپٹا مارکر پیسے چھیننے والا چور پکڑوا دیا

12-05-2023

(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے فیصل ٹاؤن کے علاقے میں جھپٹا مار کر پیسے چھیننے والا چور پکڑوا دیا۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق شہری نجی پیزا شاپ سے ڈلیوری بوائے کی رقم چھین کر فرار ہو گیا،ملزم پیزا خریدنے آیا تھا،رقم ادا کرتے ہوئے ڈلیوری بوائے کے ہی پیسے چھین کر فرار ہو گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ پیزا ڈلیوری بوائے نے سیف سٹی 15 ایمرجنسی پر پیسے چھن جانے کی اطلاع دی، سیف سٹی ٹیم نے فیصل ٹاؤن پولیس کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت دی۔ اتھارٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ملزم کی تلاش شروع کی،سیف سٹی نے انویسٹی گیشن آفیسر کو تمام ویڈیوز اور تصویری شواہد فراہم کیے،انویسٹی گیشن آفیسر نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئےچھینی گئی  رقم برآمد کرلی۔