ڈینگی کے مسلسل وار،24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں مزید 50 شکار

12-05-2023

(لاہور نیوز) ڈینگی نے تیور نہ بدلے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں مزید 50 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو گئے۔

حکام محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی کے 24 مریض رپورٹ ہوئے،رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 14ہزار 517 جبکہ لاہور میں 6644 ڈینگی متاثرین سامنے آئے۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے بتایا کہ راولپنڈی میں گزشتہ روز 3 ،گوجرانوالہ میں 4 ،ملتان میں 11  اور فیصل آباد میں 5 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شیخوپورہ، سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 58 مریض زیر علاج ہیں جبکہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 41 مریض داخل ہیں۔