وزیراعلیٰ محسن نقوی کا میو ہسپتال کا دورہ، اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ

12-05-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی رات گئے میوہسپتال پہنچے، انہوں  نے چلڈرن ایمرجنسی اور مین ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کامو ں پر پیشرفت کاجائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے چلڈرن ایمرجنسی میں موجود خواتین سے بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ محسن نقوی چلڈرن ایمرجنسی میں گئے تو وہاں فلورز پر مزدور غائب تھے  اور کوئی کام نہیں ہورہا تھا، وزیراعلیٰ نے چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کا کام 3شفٹوں میں کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی میو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کے چاروں فلورز پر گئے اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک میں جاری کاموں پر اطمینان کااظہار کیا  اور ایمرجنسی بلاک کو رواں ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔  اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا کہ بلاک میں فرشوں پر ٹائلز لگانے اور وائرنگ کاکام تیز ی سے جاری ہے، ایئر کنڈیشن سسٹم کی تنصیب بھی شروع کردی گئی ہے، اپ گریڈیشن کا کام رواں ماہ مکمل کرلیاجائے گا۔