غیر شرعی نکاح کیس کے چوتھے گواہ کا بیان بھی قلمبند، دلائل طلب
12-05-2023
(ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کے چاروں گواہان کے بیانات قلمبند ہوگئے۔
غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت سول جج قدرت اللہ نے کی۔ کیس کے گواہ محمد لطیف نے بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کے گھر آتے تھے اور وہ بشریٰ بی بی کے ساتھ کمرے میں چلے جاتے تھے،میں بشریٰ بی بی کے کمرے میں جاتا تھا تو سابق چیئرمین پی ٹی آئی مجھے گالیاں دیتے تھے، مجھے دونوں کہتے تھے کمرے سے باہر چلے جاؤ۔ محمد لطیف نے اپنا بیان درخواست گزار وکیل رضوان عباسی کی موجودگی میں قلمبند کرایا۔ سول جج قدرت اللہ نے گواہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ اتنا رو رو کر کمزور ہو گئے ہیں؟ کیا سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی آپ کو کمرے میں ساتھ بٹھاتے تھے؟ جس پرگواہ محمد لطیف نے کہا کہ مجھے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرے میں ساتھ نہیں بٹھاتے تھے، مجھے خاور مانیکا کہتے تھے جا کر انہیں دیکھو۔ بعدازاں عدالت نے کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ محمد لطیف خاور مانیکا کا گھریلو ملازم ہے اور غیر شرعی نکاح کیس میں عون چودھری اور مفتی سعید کا بیان پہلے ہی قلمبند ہو چکا ہے۔