پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رضا کاروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

12-05-2023

(لاہور نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رضاکاروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، ہر سال آج کے دن مدد گاروں کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے کار خیر میں حصہ ڈالنے پر خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

دن ہو یا رات، آفات ہوں یا سانحات، حب الوطنی اور جذبہ انسانیت سے سرشار ریسکیو رضا کاروں کی خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے لیکن 5 دسمبر کے دن خصوصی طور پر ان کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے، پہلی بار اقوام متحدہ کی جانب سے 1985ء میں یہ دن منانے کا اعلان کیا گیا۔ رضاکار کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جو بلامعاوضہ بغیر کسی لالچ اور طمع کے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، ہمارے ہاں متعدد رضا کار تنظیمیں منظم طریقے سے کام کر رہی ہیں۔ رضا کار تنظیموں سے منسلک افراد کا بنیادی مقصد مفید شہری کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دینا اور لوگوں کی بے لوث مدد کرنا ہے، مشکل حالات سے نمٹنے میں رضاکاروں کا کردار انتہائی قابلِ تعریف ہے، ان کی جتنی قدر کی جائے کم ہے۔