ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان مالی مسائل کا شکار
12-04-2023
(ویب ڈیسک) ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان مالی مسائل کا شکار ہو گئی، 13 ادارے 105 ارب روپے کے نادہندہ نکلے. سود، واجبات سے ڈیڑھ سو فیصد بڑھ گیا، سود کی رقم بڑھ کر 153 ارب روپے ہو گئی۔
اداروں کے ذمہ اب مجموعی رقم بمعہ سود 259 ارب روپے ہو گئی، کس ادارے کے ذمہ کتنا قرض ہے "دنیا نیوز" نے دستاویز حاصل کر لیں۔ دستاویز کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن 86 ارب 11 کروڑ روپے کی نادہندہ ہے، این ایف ایم ایل نے 104 ارب 22 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ 8 ارب 89 کروڑ روپے اور پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ 13 ارب 20 کروڑ روپے کا نادہندہ ہے، خیبر پختونخوا فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے بھی 9 ارب 92 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بلوچستان فوڈ ڈیپارٹمنٹ 7 ارب 12 کروڑ روپے کا نادہندہ ہے، آزاد کشمیر حکومت نے 1 ارب 67 کروڑ، غذائی تحفظ کی وزارت نے کاٹن سبسڈی کی مد میں 2 ارب 14 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ چیئرمین ٹی سی پی نے کہا ہے کہ دستاویز کے مطابق مختلف اداروں سے واجبات نہ ملنے کے باعث کمرشل قرضوں کی واپسی میں مشکلات ہیں۔