وزیراعلیٰ محسن نقوی کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال میں سہولیات کے فقدان پر برہم
12-04-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال میں سہولیات کے فقدان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا، بیڈز کے اوپر مریض، نیچے بلیاں،طبی سہولتوں کا فقدان،صفائی کے ناقص انتظامات، گندگی،ریڈیالوجی وارڈ کو تالے اور ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر محسن نقوی برہم ہو گئے۔ محسن نقوی نے ایم ایس کو فوری تبدیل کرنے کاحکم دے دیا، ایمرجنسی میں مریضوں کا رش، ڈاکٹرز اور عملہ کی کمی، نائٹ میں کنسلٹنٹ کی عدم موجودگی کی شکایات پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سیکرٹری صحت کو فون کر کے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری کے لئے ہدایات دیں۔ انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال میں دل کے مریضوں کے علاج معالجے کے لئے پی آئی سی کا سیٹلائٹ کلینک بنانے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے ایک بچے کو علاج معالجے کے لئے فوری طورپر چلڈرن ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی۔ مریضوں اور تیمارداروں نے وزیراعلیٰ کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے، تیمارداروں کا کہنا تھا کہ 4،5بار آ چکے ہیں، صرف ٹیکہ لگا کر واپس بھیج دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی، گائنی، بچہ وارڈ،فارمیسی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا، انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کام کا بھی جائزہ لیااور اپ گریڈیشن کے کاموں میں تیزی کے لئے اضافی لیبر فورس لگانے کاحکم دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کوٹ خواجہ سعید ٹیچنگ ہسپتال کی حالت دیکھ کر افسوس ہوا، اس ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔