اللہ کے کرم، عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے: شہباز شریف

12-03-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے۔

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے سابق اراکین اسمبلی  شیخ روحیل اصغر، محمد حنیف عباسی، خواجہ سلمان رفیق نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، سابق رکن قومی اسمبلی چودھری فرخ الطاف، سید باسط بخاری، میاں عمران قریشی کی بھی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔ پارٹی صدر کو رہنماؤں نے اپنے اپنے حلقوں میں انتخابی تیاریوں سے آگاہ کیا، شہبازشریف نے انتخابات کی تیاریوں کے لئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے اور محنت کو سراہا۔ شہبازشریف نے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، پاکستان اور عوام کی بھلائی، بہتری اور مفاد میں نوازشریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، عوام کو مہنگائی اور دیگر مسائل سے نجات دلانے کے لئے یہ انتخابات بہت اہم ہیں۔   — PMLN (@pmln_org) December 3, 2023 سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے، ہم الیکشن نہیں عوام اور پاکستان کے معاشی مفادات کی جنگ لڑنے جا رہے ہیں، سیاسی انتقام ہار گیا، اب مہنگائی اور معاشی بدحالی کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گالیوں اور کردار کشی کے ہتھکنڈوں میں قوم کا قیمتی وقت اور وسائل برباد کئے گئے، ہمارے خلاف شروع کئے گئے سیاسی انتقام کا نشانہ عوام اور ملک بن گئے پارٹی رہنماؤں نے لیگی قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مبارکباد بھی پیش کی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن نے ملاقات کی، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق بیرسٹر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے، شہبازشریف نے بشیرمیمن کو سندھ کلچر ڈے کی مبارک دی۔ ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور صوبہ سندھ میں تنظیمی امور پر مشاورت ہوئی، سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے ساتھ انتخابی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، اجلاس میں ایم کیو ایم سے ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا گیا۔