سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی کرسی زرداری کے تراشے ہیرے کے حوالے کردی: خواجہ آصف

12-03-2023

(لاہور نیوز) بیرسٹر گوہر خان کی بطور چیئرمین پی ٹی آئی تقرری پر لیگی رہنما خواجہ آصف نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے لکھا کہ تحریک انصاف کے نئے چیئرمین (بیرسٹر گوہر خان) کے2008سے2022تک 14 سال آصف زرداری قائد رہے ، 2022 میں بیرسٹر گوہر پی ٹی آئی میں آئے۔ انہوں نے قائد پی ٹی آئی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ایک سال کے اندر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو آصف زرداری کا تراشہ ہیرا اتنا پسند آیا کہ اپنی کرسی اسکے حوالے کر دی اور اپنے پرانے ساتھیوں کو کوڑا کرکٹ کر دیا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اپنی غیر حاضری میں اپنے پرانے ساتھیوں پہ اعتبار کرنے کو تیار نہیں، جس شخص نے ساری عمر لوگوں کو دھوکے دیے ہوں اسکے لئے  دوسروں پر اعتبار کرنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہرحال پی ٹی آئی کے لیڈروں اور ورکروں کے لئے کوئی شرم کوئی  حیا کا مقام ہے یا ڈوب مرنے کا مقام ہے۔