شہباز شریف کی چلاس سے آنیوالی بس پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت
12-03-2023
(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چلاس سے آنے والی بس پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کے اہل خانہ اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے، یہ بس پر نہیں، پاکستان پر حملہ ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان سکیورٹی فورسز کی طاقت سے قاتلوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائے گا، ایک منظم سازش سے بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،سابق وزیراعظم نوازشریف کی پالیسی پر عمل درآمد نہ روکا جاتا تو دہشت گردی دوبارہ سر نہ اٹھاتی۔ انہوں نے پاک فوج کے دو شہید جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، صدر ن لیگ نے کہا کہ اللہ کے فضل، قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے ارض پاک کو دہشت گردی کی ناپاکی سے پاک کریں گے۔ سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بس ڈرائیور نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرکے مسافروں کو بچانے کی کوشش کی اس پر سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف نے شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز چلاس ہڈور کے مقام پر بس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 26 افراد زخمی ہوئے تھے۔