شاہین آفریدی کا وارنر کو آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا اظہار

12-03-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

دورۂ آسٹریلیا پر موجود شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیوڈ وارنر کا کیریئر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، ان کیلئے نیک تمنائیں ہیں مگر پُرامید ہوں وہ پاکستان کے خلاف اچھا پرفارم نہیں کریں گے۔ شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان فی الحال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، امید ہے آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کینبرا میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں مگر پی ایم الیون کے خلاف میچ سیریز کی تیاری میں اہم ہوگا اور یہ میچ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کا اچھا موقع ہے، 4 دنوں میں ہمیں ٹیسٹ کی تیاری کا موقع ملے گا۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا نے مضبوط ٹیم کا اعلان کیا ہے مگر پاکستان ٹیم اس چیلنج کیلئے تیار ہے، پاکستان کے پاس سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا اچھا کمبی نیشن ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔