بحریہ یونیورسٹی لاہور کا تیسرا کانووکیشن، فارغ التحصیل طلبا میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں

12-02-2023

(لاہور نیوز) بحریہ یونیورسٹی لاہور کا تیسرا کانووکیشن ہوا۔ 615 فارغ التحصیل طلبا میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

بحریہ یونیورسٹی لاہور کیمپس کے تیسرے کانووکیشن میں گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں۔ تقریب ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی۔ ریکٹربحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل ریٹائرڈ آصف خالق نے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فارغ التحصیل طلبا و طالبات کو اُن غیر معمولی صلاحیتوں کا اہل بنایا گیا ہے جس سے اِن کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی، تعلیمی ادارے طلبا و طالبات کو معزز اور مفید شہری بنانے کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں، بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ اس حوالے سے نئے عزم اور ولولے کے ساتھ کاوشیں کر رہی ہے۔ ڈگریاں میڈلز لینے والے طلبا وطالبات کا کہنا تھا کہ بحریہ یونیورسٹی میں عصر حاضر کے تقاضوں  کے مطابق جدید علوم سکھائے جا رہے ہیں۔ پیشہ ورانہ زندگی میں ہم بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ڈائریکٹر بحریہ یونیورسٹی لاہور کموڈور ریٹائرڈ جواد احمد کا کہنا تھا مستقل سپورٹ کرنے پر پاک نیوی کا شکر گزار ہوں، تمام طالب علم اپنا اعتماد بڑھائیں اور یونیورسٹی سے سیکھا علم زندگی اور مستقبل کی بہتری کے لئے بروئے کار لائیں۔   کانووکیشن میں 32 طلبا وطالبات کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔