رواں ماہ 2600 سے زائد کانسٹیبلز کو ترقی دینے جا رہے ہیں، آئی جی پنجاب

12-02-2023

(لاہور نیوز) پولیس ملازمین کے علاج کیلئے مزید 12 لاکھ روپے جاری کر دیئے گئے۔

انسپکٹر محمد ارشد کو مصنوعی بازو لگوانے کیلئے 5 لاکھ 55 ہزار روپے جاری، سی ٹی ڈی کے کارپورل یاسر علی کو 3 لاکھ روپے دئیے گئے۔ ریٹائرڈ کانسٹیبل عبدالستار کو الیکٹرک وہیل چیئر کیلئے 2 لاکھ 30 ہزار روپے کی فراہمی، ڈی ایس پی محمد آصف خان کو آنکھوں کے علاج کیلئے 1 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی گئی۔ آئی جی پنجاب کی زیر صدارت سی پی او میں ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا رواں ماہ 2600 سے زائد اور اگلے ماہ 650 سے زائد کانسٹیبلز کو ترقی دینے جا رہے ہیں، اگلے سال فروری تک مجموعی طور پر 20 ہزار پروموشنز کا ٹارگٹ ہے، جنوری میں پہلے ایس ڈی پی او سائبان کے دفتر کا افتتاح کر دیں گے۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز سپیشل انیشیئیٹو پولیس سٹیشنز کو دی گئی مدت میں ہر صورت اپ گریڈ کریں، نئے پولیس ویلفیئر پراجیکٹس کو ٹائم لائن میں مکمل کریں، روزانہ پیش رفت کا خود جائزہ لیں، پنجاب بھر میں کام کرنے والے چینی ماہرین کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔