ورلڈ بینک کے وائس پریذیڈنٹ کا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ

12-02-2023

(ویب ڈیسک) ورلڈ بینک کے وائس پریذیڈنٹ مارٹن ریزر نے تربیلا پانچویں توسیعی اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔

چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ورلڈ بینک سید توقیر حسین بھی ان کے ہمراہ تھے، ورلڈ بینک کے وائس پریذیڈنٹ نے تربیلا پانچویں توسیعی اور داسو پراجیکٹ پر جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا، تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے ورلڈ بینک مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ ورلڈ بینک کے وائس پریذیڈنٹ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے سے 2025ء میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ ورلڈ بینک کے وائس پریذیڈنٹ نے تربیلا چوتھے پن بجلی گھر کا بھی دورہ کیا، تربیلا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ 2018ء میں ورلڈ بینک کی مالی معاونت سے مکمل کیا گیا تھا، تربیلا چوتھا توسیعی پن بجلی گھر اپنی تکمیل سے اب تک نیشنل گرڈ کو 22 ارب 56 کروڑ کی سستی پن بجلی فراہم کر چکا ہے۔